لہو رنگ پچ: آئینہ وزیر کی یتیمی اور بندوق کا پہرہ
چند دن پہلے سوشل میڈیا پر وزیرستان سے تعلق رکھنے والی ایک چھوٹی بچی آئینہ وزیر کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں وہ نہایت مہارت سے تیز باؤلنگ کرتی ہوئی نظر آئی۔ اس کے باؤلنگ کا انداز اتنا شاندار تھا کہ دیکھنے والوں کی زبان سے بے اختیار واہ واہ کی آوازیں نکلیں۔ ویڈیو اتنی وائرل ہوئی کہ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کو پشاور زلمی کے ویمن ونگ میں لینے اور اس کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا۔ اسی دوران آئینہ وزیر کی ایک اور ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی جس میں وہ حکومت سے وزیرستان میں تعلیم کی ترقی کے لیے درخواست کر رہی تھی۔ اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لانے والا نوجوان زعفران وزیر تھا، جس کی اپنی ویڈیو بھی سامنے آئی۔ مگر اگلے ہی دن خبر آئی کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں نے زعفران وزیر کو اغوا کر لیا ہے۔ ان پر الزام لگایا گیا کہ ایک بچی کی ویڈیو بنا کر اسے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا "خلافِ اسلام" ہے۔ اگرچہ مقامی عمائدین اور جرگے کی کوششوں سے زعفران وزیر رہا تو ہو گئے، لیکن ان سے زبردستی ایک اعترافی ویڈیو ریکارڈ کروائی گئی جس میں وہ نہایت کرب اور خوف کے عالم...